22 جولائی، 2026، 6:01 PM

ایرانی وزیر خارجہ کا فرانسیسی سفارت کاروں کے ناقابل قبول طرز عمل پر احتجاج

ایرانی وزیر خارجہ کا فرانسیسی سفارت کاروں کے ناقابل قبول طرز عمل پر احتجاج

عباس عراقچی نے فرانسیسی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سفارتی اصولوں کے منافی ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تہران میں تعینات دو فرانسیسی سفارت کاروں کے طرزِ عمل کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے فرانس سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ ایسے اقدامات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق عباس عراقچی نے اپنے فرانسیسی ہم منصب ژاں نوئل بارو سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

گفتگو کے دوران عراقچی نے دو فرانسیسی سفارت کاروں کے غیر معمولی طرز عمل پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرگرمیاں تسلیم شدہ سفارتی اصولوں اور ضابطوں سے مطابقت نہیں رکھتیں۔

انہوں نے زور دیا کہ میزبان ملک کے قوانین اور ضوابط کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سفارتی اصولوں کی پابندی، غیر ملکی سفارتی مشنز کی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے ناگزیر ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے فرانسیسی حکومت پر زور دیا کہ وہ ایسے اقدامات کرے جن سے مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران عباس عراقچی نے خطے کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش امریکہ کی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے وعدوں کی پاسداری نہ کرنے اور بعد ازاں ایسے اقدامات کا نتیجہ ہے جنہوں نے سفارتی عمل اور علاقائی استحکام کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال کے نتائج کی ذمہ داری اسی فریق پر عائد ہوتی ہے جس نے اپنی ذمہ داریوں سے انحراف کیا اور یکطرفہ پالیسیاں اختیار کیں۔

یہ سفارتی تبادلہ خیال ایسے وقت میں ہوا جب فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے دعوی کیا تھا کہ تہران میں تعینات دو فرانسیسی سفارت کاروں کو حراست میں لے کر ان کے ساتھ نامناسب سلوک کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سفارت کار ایرانی عوام اور علمی حلقوں کے ساتھ ثقافتی روابط کے فروغ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔

دوسری جانب، فرانس کی وزارت خارجہ نے بھی اس معاملے پر پیرس میں تعینات ایران کے ناظم الامور کو طلب کیا۔

News ID 1940402

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha